شہرکے تاریخی مقامات رنگ برنگے قمقموں سے سج گئے
لاہور(سہیل احمد قیصر)جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں والڈ سٹی اتھارٹی لاہور نے شہر کے تاریخی مقامات کو رنگ برنگے قمقموں سے سجا دیا۔۔فوڈ سٹریٹ اور اندرون لاہور کے تمام تاریخی دروازے بھی جگمگانے لگے۔
جگ مگ کرتی ہوئی روشنیوں کی چمک آنکھوں کو خیرہ کرنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے متعدد تاریخی مقامات اور اندرون شہر کے دروازے رنگ بر نگی روشنیوں سے جگمگا اُٹھے ۔ روشنیوں کی چمک دمک آنکھوں کو خیرہ کرنے لگی۔ والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کی طرف سے رنگ ونور کی یہ برسات یوم آزادی کی تقریبات کو اِس کے شایان شان طریقے سے منانے کی کڑی ہے ۔والڈ سٹی اتھارٹی نے پہلی مرتبہ شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر، شالامار باغ، وزیر خان بارہ دری اور حضوری باغ کو روشنیوں سے سجایا ہے ۔اندرون شہر کے تمام تاریخی دروازوں کو بھی رنگ برنگے قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔ روشنیوں کے باعث یہ دروازے بہت خوب صورت منظرپیش کررہے ہیں۔والڈ سٹی حکام کے مطابق اس خصوصی اقدام کا مقصد آزادی کی تقریبات کو پرجوش انداز میں منانا ہے ۔ اِس حوالے سے روزنامہ دنیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی لاہور ملیحہ رشید کا کہنا تھا کہ ہم جشن آزادی ہر کسی کے لیے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو تاریخی مقامات پر پرچم کشائی بھی کی جائے گی۔