انٹر امتحان:3طالبات دوسری کی جگہ امتحان دیتے پکڑی گئیں
کنٹرولر امتحانات کا گرلز ہائر سیکنڈری سکول شرقپور کاچھاپہ، کارروائی کاآغاز
لاہور(خبر نگار ، اپنے سٹاف رپورٹرسے )بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کا دوسرا سالانہ امتحان جاری ہے ۔ امتحانی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور نقل کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اسی سلسلے میں کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول شرقپور کا اچانک دورہ کیا، جہاں چھاپے کے دوران تین جعلی امیدوار طالبات کو رنگے ہاتھوں امتحان دیتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔
ترجمان بورڈ کے مطابق کیمسٹری کے پیپر میں رول نمبر 201270 زربفت کی جگہ جعلی امیدوار کومل امتحان دے رہی تھی ،سوشیالوجی کے پیپر میں رول نمبر 238383 نوشین اسلم کی جگہ جعلی امیدوار عروج امتحان دے رہی تھی ،کیمسٹری کے پیپر میں رول نمبر 201278 مریم طارق کی جگہ جعلی امیدوار عدیلہ امتحان دے رہی تھی ،جعلی امیدواروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملوث طالبات اور سہولت کاروں کے خلاف بھی ضابطہ جاتی کارروائی کی جا رہی ہے ۔