مصری شاہ :ویسٹ مٹیریل گودام میں آگ بھڑک اٹھی
علاقے میں خوف ، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،ریسکیو نے قابو پالیا
لاہور (کرائم رپورٹر)مصری شاہ کے علاقے کامران والا کانٹا میں ویسٹ مٹیریل کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جسکے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی وہیکلز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کو محفوظ بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ویسٹ مٹیریل کے ڈھیر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم حتمی وجہ معلوم کرنے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔