پی ایچ اے:گھوسٹ ملازمین،جعلی حاضریاں بے نقاب:ماہانہ لاکھوں کا نقصان

پی ایچ اے:گھوسٹ ملازمین،جعلی حاضریاں بے نقاب:ماہانہ لاکھوں کا نقصان

زون ٹو میں 199ملازمین فیک حاضری لگواکر کئی برسوں تک خزانے پر بوجھ بنے رہے ،گھوسٹ سٹاف کو برطرف کرنے کی ہدایت

 لاہور (شیخ زین العابدین)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہورمیں گھوسٹ ملازمین اور فیک حاضریوں کا بڑا سکینڈل سامنے آگیا۔ روزنامہ دنیا کی تحقیق نے ثابت کر دیا کہ شہر کے کئی زونز میں برسوں سے بغیر کام کیے تنخواہیں لینے والے ملازمین موجود ہیں۔ سرکاری خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان جبکہ پی ایچ اے انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ لاہور نیوز کی حاصل کردہ دستاویزات کے مطابق کئی سال سے ایجنسی کے مختلف زونز میں وہ ملازمین بھی تنخواہیں وصول کر رہے تھے جو کبھی ڈیوٹی پر آئے ہی نہیں۔تحقیق کے مطابق سب سے زیادہ گڑبڑ زون ٹو میں سامنے آئی، جہاں 199ملازمین فیک حاضری لگواتے پکڑے گئے ۔

ان میں اکثریت ڈیلی پیڈ اور ورک چارج سٹاف کی ہے جو سرکاری خزانے پر بوجھ بنے ہوئے تھے ۔اسی طرح پراجیکٹ ڈائریکٹر جیلانی پارک کے ماتحت 21 گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی ہوئی جو غیر موجودگی کے باوجود ماہانہ تنخواہیں وصول کر رہے تھے ۔ زون تھری میں 2 جبکہ زون سیون میں 9 ملازمین کی حاضریاں مسلسل جعلی لگائی جا رہی تھیں۔فیروز پور روڈ زون اور بٹر فلائی ہاؤس میں ایک ایک ملازم،پراجیکٹ ڈائریکٹر جی او آرز میں 8 گھوسٹ ملازمین،زون ون میں4،رنگ روڈ پروجیکٹ کے تحت 7جبکہ زون آٹھ اور مال روڈ میں ایک ایک ملازم فیک حاضری کیساتھ کام کرتا رہا۔ زون فور میں 7اور زون فائیو میں 9گھوسٹ ملازمین بھی برسوں سے تنخواہیں لے رہے تھے ۔ گھوسٹ ملازمین سامنے آنے پر ایم ڈی منصور راجہ نے سخت کارروائی کا حکم دیدیا ۔ڈیلی پیڈ اور ورک چارج گھوسٹ ملازمین کو فوری برطرف کرنے جبکہ ریگولر ملازمین کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں