یوایم ٹی ، نیب کے اشتراک سے بدعنوانی کیخلاف آگاہی سیمینار
ایمانداری اور شفافیت کا فروغ ہی مضبوط قیادت کی بنیاد :صدر ابراہیم حسن مراد
لاہور (خبر نگار )یو ایم ٹی اور قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے اشتراک سے رشوت اور بدعنوانی کے خلاف آگاہی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کے مہمانِ خصوصی چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد تھے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور مرزا فاران بیگ، سابق صوبائی وزیر اور صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، چیف ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید حسن اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
سیمینار میں طلبا اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ ایمانداری اور شفافیت کا فروغ ہی مضبوط قومی قیادت کی بنیاد ہے ۔ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ نے اپنے خطاب میں بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لیے نیب لاہور کی مؤثر اور جامع حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی۔اختتام پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد اور ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ کو یادگاری سووینئر پیش کیے ۔