سرکاری ہسپتالوں میں پیدائش و اموات کا آن لائن اندراج ممکن
پیدائش و اموات کاڈیجیٹل ریکارڈ ، محکمہ صحت، بلدیات ، نادرا میں معاہدہ
لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پیدائش و اموات کا درست اور جامع ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے محکمہ صحت، محکمہ بلدیات اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت اب سرکاری علاج گاہوں میں پیدائش اور اموات کا آن لائن اندراج ممکن ہو سکے گا۔معاہدے کی تقریب میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ معاہدے کے تحت سرکاری ہسپتالوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان ڈیجیٹل روابط کو مزید مربوط بنایا جائے گا، جس سے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پیدائش اور اموات کی بروقت اور درست اطلاع اور اندراج ممکن ہو گا۔ معاہدے کا مقصد پیدائش اور اموات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام کو سول رجسٹریشن، اہم شماریاتی نظام کے ڈیش بورڈز اور بلدیاتی اداروں سے منسلک کرنا ہے ۔ محکمہ صحت و آبادی کے عون عباس بخاری، نادرا پنجاب کی فضا شاہد، محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے احمد کمال اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے ڈاکٹر حافظ محمد وسیم نے معاہدے پر دستخط کیے۔ ہسپتالوں کے ڈیجیٹل ریکارڈز کو ڈیٹا شیئرنگ نظام کے تحت نادرا کے قومی شناختی نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے ، جس سے درست اور بروقت معلومات کی فوری دستیابی ممکن ہو سکے گی۔