وزیراعلیٰ کو پنجاب میں 2214 عمارتوں کی سروے رپورٹ پیش
صوبے بھر میں خطرناک عمارتوں کیخلاف سخت نوٹس ،فوری اقدامات کی ہدایت
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )وزیراعلیٰ کو پنجاب بھر میں 2214 عمارتوں کی سروے رپورٹ پیش کردی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر میں خطرناک اور غیر محفوظ عمارتوں کیخلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری فیصلہ کن اقدامات اور فائر سیفٹی ریگولیشنز پر فوری مؤثر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ۔ عمارتوں کی فائر و بلڈنگ سیفٹی سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان میں سے 65 عمارتیں گریڈ اے ، 129 گریڈ بی، 284 گریڈ سی جبکہ 1722 عمارتیں گریڈ ڈی میں شامل جبکہ مجموعی طور پر 14 عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ لاہور ڈویژن میں سب سے زیادہ 862 عمارتوں کا سروے کیا گیا، 21 گریڈ اے ، 29 گریڈ بی، 117 گریڈ سی اور 682 گریڈ ڈی میں شامل ہیں، لاہور میں 13 عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ لاہور میں 7انتہائی خطرناک عمارتوں کی نشاندہی بھی کی گئی جومال روڈ، ایبٹ روڈ، ڈیفنس روڈ، گڑھی شاہو، اندرون شہر ، کینال روڈ اور سرکلر روڈ کے علاقے میں ہیں۔ تمام عمارتوں کو 2 ہفتوں کی حتمی ڈیڈ لائن دیدی گئی۔ 2ہفتوں میں فائر سیفٹی ریگولیشنز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔