بسنت : پی ایچ اے کو اہم ذمہ داریاں تفویض
شہر میں بیوٹیفکیشن، تفریح، فری ٹرانسپورٹ سہولتوں کا پلان مرتب ، سو سٹالز قائم،پتنگیں، ڈور اور پنے فروخت کیے جائینگے لبرٹی گول چکر پر بڑی پتنگ ، سکرین، لبرٹی اور15سڑکوں کی بیوٹیفکیشن ، 6، 7، 8فروری کو جیلانی پارک میں فوڈ فیسٹیول ہوگا
لاہور (شیخ زین العابدین)بسنت کی بحالی کے بعد لاہورمیں بسنت کیلئے پی ایچ اے کو مرکزی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں جسکے تحت شہر میں بیوٹیفکیشن، تفریح، فری ٹرانسپورٹ اور عوامی سہولتوں کا جامع پلان ترتیب دیدیا گیا ۔ بسنت پر پی ایچ اے کی جانب سے شہر بھر میں ایک سو سٹالز قائم کرکے پتنگیں، ڈور اور پنے فروخت کیے جائینگے ریٹ ضلعی انتظامیہ طے کرے گی تاکہ شہریوں کو مہنگائی اور غیر قانونی فروخت سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ بسنت کے تینوں روز شہریوں کو سو فیصد مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائیگی۔ پی ایچ اے شہر میں 50 بسیں چلائے گی، مختلف روٹس پر چھ ہزار تھری ویلر رکشے بھی فری ٹرانسپورٹ کی سہولت دینگے۔
ایک رکشہ روز انہ ساٹھ ہزار مفت رائیڈز فراہم کرے گاجبکہ آٹھ کلومیٹر تک فری رائیڈ کی سہولت میسر ہو گی۔شہریوں کیلئے گرین لائن، سپیڈو اور الیکٹرک بس سروس بھی بسنت کے تینوں دن مفت ہو گی ۔ پی ایچ اے لبرٹی مارکیٹ اور پندرہ بڑی سڑکوں پر خصوصی بیوٹیفکیشن کا کام کریگی۔ لبرٹی گول چکر پر شہر کی سب سے بڑی پتنگ اور جدید ایس ایم ڈی سکرین نصب کی جائیگی لبرٹی مارکیٹ میں سب سے بڑا فائر بیلون بھی لگایا جائیگا۔ لبرٹی گول چکر کے اطراف موجود تمام عمارتوں اورلاہور کے تمام ٹول پلازوں، مین شاہراہوں اور چوراہوں کو سجایا جائے گا ۔عوامی تفریح کے سلسلے میں 6، 7اور 8فروری کو جیلانی پارک (ریس کورس)میں فوڈ فیسٹیول بھی ہوگا جہاں شہری کھانوں اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔