پاکستان ، چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ :شافع حسین
چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب
لاہور(خبر نگار)چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں الوداعی تقریب کا انعقادکیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کو اپنے یہاں عرصہ تعیناتی کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں۔ان کا یہاں عرصہ تعیناتی ہمیشہ یاد رہے گا۔ژاؤ شیرن کے عرصہ تعیناتی کے دوران پنجاب میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے ۔دشمن پاکستان اور چین کے مابین اعتماد کے رشتے کو کبھی کمزور نہیں کرسکتا۔ہر گزرتے لمحے دونوں ممالک کی دوستی اور تجارتی تعاون بڑھ رہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ چین کا ہواوے گروپ پاکستان میں اس سال 5جی نیٹ ورک کا آغاز کررہا ہے ۔5جی نیٹ ورک کے شروع ہونے سے سست روی کے شکار انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہوگا۔