یوای ٹی :تین سمسٹرز کے طلبہ کے پراجیکٹس کی نمائش
لاہور (خبر نگار ) انسٹیٹیوٹ آف ڈیٹا سائنس یو ای ٹی لاہور نے ایک اہم تعلیمی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلے ، دوسرے اور تیسرے سمسٹر کے طلبہ کے پراجیکٹس کی نمائش کا انعقاد کیا۔
نمائش میں 483 جدید اور تخلیقی پراجیکٹس ڈسپلے کیے گئے ، جو طلبہ کی فنی مہارت، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مسائل کے حل کی صلاحیت کا مظہر تھے ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر تھے ، جنہوں نے طلبہ اور فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہا اور عملی و صنعت سے ہم آہنگ تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائشیں طلبہ کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آئندہ بھی عملی، تحقیق پر مبنی اور صنعت سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کے لیے ایسے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔