حب کینال سے لاکھوں گیلن پانی چوری کا انکشاف

حب  کینال  سے  لاکھوں  گیلن  پانی  چوری  کا  انکشاف

کینال کے عملے کی جانب سے مسلسل تنبیہ کے باوجود ٹینکرز مافیا کی جانب سے پانی چوری کا سلسلہ جاری،واٹرکاپوریشن حکام نے نوٹس لے لیاسائیفون پائپس سے پانی کی چوری کے نتیجے میں نہر کی ساختی سالمیت کو بھی خطرہ ،مراسلہ کی کاپی متعلقہ رینجرز و پولیس حکام کو بھی ارسال

کراچی (سید علی مہدی )ٹینکر مافیا سرگرم ، حب کینال سے یومیہ کروڑوں روپے مالیت کا لاکھوں گیلن پانی کی چوری کا انکشاف ، دنیا نیوز نے حب نہر سے پانی چوری کرکے غیر قانونی ہائیڈرنٹس چلانے کا سراغ لگا لیا ۔ دنیا نیوز کی جانب سے ویڈیو ثبوت سامنے لانے پر کراچی واٹر کارپوریشن کے متعلقہ افسر نے حب کینال پر ٹینکرز مافیا کے سرگرم ہونے اور پانی کی چوری سے متعلق اعلی حکام کو آگاہ کرکے کاروائی کی درخواست کردی۔ ایگزیکٹوانجینئر حب کینال سول کراچی واٹر کارپوریشن اعجاز عالم کی جانب سے چیف سیکورٹی آفیسر کراچی واٹر کارپوریشن فتح شیخ کو مراسلہ ارسال کرکے حب نہر سے مختلف مقامات پر پانی کی چوری اور ٹینکرز مافیا کے سرگرم ہونے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کی درخواست کردی گئی ۔ مراسلہ میں نورانی ایکویڈکٹ برج اور ناردرن بائی پاس کے مقامات پر ٹینکرز مافیا کی جانب سے نہر سے پانی چوری کرنے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔ مراسلہ کے مطابق 22 کلومیٹر طویل حب کینال پر نگرانی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ رات کی تاریکی میں عملے کو نہر سے پانی کی چوری کی روک تھام اور نشاندیہی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

کینال کے عملے کی جانب سے مسلسل تنبیہ کے باوجود ٹینکرز مافیا کی جانب سے پانی چوری کا سلسلہ جاری ہے ۔ پانی کی قلّت کے باعث اطراف کی آبادی سے بھی پانی چوری کیا جاتا ہے ۔ حب کینال سے سائیفون پائپ کے ذریعے پانی چوری کیا جارہاہے ۔ سائیفون پاپس سے پانی کی چوری کے نتیجے میں نہر کی کاکردگی اور ساختی سالمیت کو بھی خطرہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق حب کینال پر ٹینکرز مافیا سرگرم ہونے میں مبینہ طور پر کراچی واٹر کارپوریشن کے آر پی ای سی سیل کے اعلی افسران سمیت حب کینال پر تعینات متعلقہ افسر و عملہ مبینہ طور پر ملوث ہیں ۔ جس کی وجہ سے حب نہر سے یومیہ بڑے پیمانے پر پانی کی چوری کی پردہ پوشی کی کوشش کی جاتی رہی ۔ ریونیو پروٹیکشن انفورسمنٹ سیل کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ، اعلی افسران نے بھی معاملے پر پرسرار خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ دنیا نیوز کی نشاندہی پر انتظامیہ کی جانب سے حب نہر پر ٹینکرز مافیا کے خلاف جلد کاروائی کا عندیہ تو دے دیا ہے ۔ جبکہ حب کینال پر تعینات ایگزیکٹیو انجینئر سول کی جانب سے حب نہر سے پانی کی چوری اور ٹینکرز مافیا کے سرگرم ہونے سے متعلق مراسلہ کی کاپی متعلقہ رینجرز و پولیس حکام اور کراچی واٹر کارپوریشن کے افسران کو بھی ارسال کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں