ٹرانسپورٹروں نے کرائے بڑھادئیے شہری پریشان

ٹرانسپورٹروں نے کرائے بڑھادئیے شہری پریشان

پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں25سے تیس فیصد اضافہ ،گڈز ٹرانسپورٹرز انٹر سٹی ٹرانسپوٹیشن،رکشے ،کاریں اور بائیک رائیڈرز کی جانب سے بھی کرایے بڑھا دیئے گئےاتنا عالمی منڈی میں اضافہ نہیں ہوا جتنا حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا یہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے متراد ف ، لوگوںکا ردعمل

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ تاریخی اور ہوشربا اضافہ نے ملک بھر کی طرح سرگودھا کے شہریوں کی بھی چیخیں نکلوا دی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد نہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری طور پر پچیس سے تیس فیصد اضافہ کر دیا گیا بلکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ساتھ انٹر سٹی ٹرانسپوٹیشن جس میں رکشے ،کاریں اور بائیک رائیڈرز شامل ہیں کی جانب سے بھی کرایے بڑھا دیئے گئے ، جس کے باعث کھیتوں سے منڈیوں تک ترسیل کے بعد زرعی اجناس کی قیمتو ں میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور شہری اس اچانک پیٹرول بم پھٹنے سے بلبلا کر رہ گئے ہیں، اور انہوں نے اس حکومتی فیصلہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنا عالمی منڈی میں اضافہ نہیں ہوا جتنا حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ، جو کہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے متراد ف ہے ، تاجر طبقے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معیشت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حالیہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے اس کا مزید بیڑا غرق کر دیا ہے کیونکہ ملک میں پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں ناہونے کے برابر ہیں دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے اگر معیشت کی بحالی اور تاجروں کے مسائل کے حل پر توجہ نہ دی گئی تو پاکستان سے کاروبار کا نام و نشان مٹ جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں