پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج
ہوشربا مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی :مظہر اقبال رندھاوا ،فرقان عزیز مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،اضافہ فوری واپس لینے کامطالبہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) ضلعی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا کی قیادت میں مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور بجلی کے بلوں میں میٹر رینٹ عائد کرنے کے خلاف نوشہرہ روڈ ٹینکی والے چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شہریوں، کارکنوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کیخلاف نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔ اس موقع پر مظہر اقبال رندھاوا اور فرقان عزیز بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوشربا مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ روز بروز بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، جبکہ اشیائے خوردونوش، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی بنیادی ضروریات تک رسائی کو مشکل بنا رہا ہے ۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور غیر سنجیدہ طرز حکمرانی نے بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے جس کے باعث مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ راتوں رات پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے ، جس سے ایک عام آدمی اور طالب علم کا جینا مزید مشکل ہو گیا ہے ۔