شہر کی 139 اہم سڑکوں کی ازسرِ نو تعمیر کا فیصلہ
ضروری کارروائیاں تیزاور جلد از جلد ٹینڈرز جاری کیے جائیں ،ناصر شاہاقدام شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ،وزیر بلدیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی صدارت میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر بلدیات کے خصوصی اقدام کے تحت کراچی اسپیشل روڈ ری ہیبلی ٹیشن پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس کے دوران میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شرکا کو آگاہ کیا کہ کراچی کی مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (ٹی ایم سیز)کے تحت آنے والی 183 اہم سڑکوں کو حتمی طور پر اس پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سڑکیں شہر کے ٹریفک نظام میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہزاروں شہریوں کے لیے مرکزی شاہراہوں اور متبادل راستوں کے طور پر استعمال ہوتی ہیں۔وزیر بلدیات نے میونسپل کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ تمام ضروری کارروائیاں تیز کی جائیں اور جلد از جلد ٹینڈرز جاری کیے جائیں تاکہ منصوبے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں مددگار ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے تحت سندھ حکومت کراچی کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ رواں سال کے دوران شہر میں نمایاں اور مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سڑکوں کی بحالی کے بعد اسٹریٹ لائٹس کی سولرائزیشن بھی کی جائے گی۔اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سید اظہر شاہ، میونسپل کمشنر کراچی ابرار جعفرسمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔