ناصر باغ ، اولڈ کیمپس ، جی سی یو کی اپ گریڈیشن منصوبہ تیار
ناصر باغ اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو باقاعدہ طور پر آپس میں ملانے کا فیصلہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے مرکزی اور تاریخی علاقے میں شہری انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے ناصر باغ، پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ایریا کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ۔ منصوبے کے تحت ناصر باغ اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو باقاعدہ طور پر آپس میں ملانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے ایک مربوط زون تشکیل دیا جا سکے ۔ٹیپا کی جانب سے ٹریفک بحالی، پیدل چلنے والوں کے لیے واک ویز اور رائٹ آف وے سے متعلق جامع پلان تیار کیا گیا ہے ۔ منصوبے کے مطابق لوئر مال میٹرو بس ٹریک پر ایک سو پانچ فٹ جبکہ مال روڈ پر نوے فٹ کا رائٹ آف وے بنایا جائے گا۔ آؤٹ فال روڈ پر ساٹھ سے نوے فٹ اور ریٹیگن روڈ پر اسی فٹ کا رائٹ آف وے تجویز کیا گیا ہے ۔اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت کچہری روڈ، نیو انارکلی روڈ، اولڈ انارکلی روڈ، سرکلر روڈ اور جی سی روڈ کو بھی ازسرِنو بہتر بنایا جائے گا۔ تاکہ ٹریفک کی روانی، پیدل آمدورفت اور شہری خوبصورتی کو یکساں طور پر بہتر کیا جا سکے ۔