لاہور سفاری پارک میں بسنت فیسٹ 2026 کا آغاز
فیملی فیسٹیول میوزک اور تفریح کیساتھ دلچسپ سرگرمیوں کا بھی انتظام
لاہور(لیڈی رپورٹر)بسنت کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سفاری پارک رنگوں اور خوشیوں میں نہا گیا، جہاں بسنت فیسٹ 2026 کے تحت شہریوں کے لیے تین روزہ فیملی فیسٹیول کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔فیسٹیول میں نہ صرف میوزک اور تفریح بلکہ خاندانوں اور بچوں کے لیے دلچسپ سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق ایونٹ میں ملک کے نامور گلوکار اور فنکار لائیو پرفارمنس دیں گے ، جن میں 6 فروری کو حارث اور قرت العین بلوچ، 7 فروری کو بایان اور سحر گل خان، جبکہ 8 فروری کو عارف لوہار، ابرار الحق اور این ایس چوہان شامل ہیں۔انتظامیہ نے مزید بتایا کہ فیسٹیول میں مین سٹیج پرفارمنس کے ساتھ ساتھ پتلی تماشا (پپٹ تھیٹر)، منی سرکس، لیزر شو، ایل ای ڈی پتنگوں کی نمائش، فوڈ سٹالز، گیم سٹالز، ڈانسنگ فاؤنٹین اور دیگر کئی تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں، جو فیسٹیول کو یادگار بنائیں گی۔فیسٹیول کے لیے آن لائن ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اس رنگا رنگ بسنت فیسٹ سے بھرپور لطف اٹھائیں۔