پی ڈی پی ،عدلیہ بچاؤ کمیٹی :آج ہڑتال کی حمایت کردی
حقوق کی پامالی بند نہ ہوئی تو ہمہ گیر مزاحمت کرینگے :رہنمائوں کی پریس کانفرنس
لاہور (سیاسی نمائندہ)پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی، عدلیہ بچاؤ کمیٹی اور سول سوسائٹی نے لاہور ہائیکورٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس میں 2024کے انتخابی نتائج کیخلاف اپوزیشن اتحاد کی آج ہونیوالی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔ پی ڈی پی کے سربراہ امتیاز رشید قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل وقار حسین شاہ ، ایمپلائز ٹریڈ یونین کے صدر ملک احتشام الحسن، سول سوسائٹی کے رہنما ڈاکٹر شاہد نصیر ودیگر رہنمائوں نے کہا ملک پر مسلط برسرِ اقتدار دو سب سے بڑے سیاسی مافیا بن چکے ہیں، جنہوں نے ذاتی اقتدار کی خاطر ریاست کے ہر ستون کو کھوکھلا کر کے وطنِ عزیز کو تباہی کے آخری کنارے پر پہنچا دیا ہے ۔عمران خان، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت سینکڑوں سیاسی اسیران کی اپیلوں کو دانستہ عدالتوں میں فکس نہیں ہونے دیا جا رہا ، میڈیا کو خاموش کروایا جا رہا ہے ، صحافیوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں ،اداروں کو سیاسی مخالفین کیخلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا اگر سیاسی انتقام، عدلیہ پر دباؤ اور عوامی حقوق کی پامالی کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو عوام کے ساتھ ملکر ہر آئینی، جمہوری اور قانونی فورم پر ہمہ گیر مزاحمت کی جائیگی۔