نااہل حکمرانوں سے جان چھڑواناہوگی:جماعت اسلامی
سودی نظام سے نجات،قومی دولت کو عوام پر خرچ کیا جائے ، جاوید قصوری
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 8 فروری کے متنازعہ انتخابات کے بعد ملک و قوم پر فارم 47 کے ذریعے نااہل اور غیر نمائندہ حکمرانوں کو مسلط کیا گیا، جسکا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ حکومت عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے ، پالیسیوں میں عوامی مفاد کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ ملک کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر بدترین بحرانوں میں دھکیل کر حکمران اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے میں مصروف اورادارے اونے پونے فروخت کر رہے ہیں۔ معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں صرف قرضوں پر 3563 ارب کا سود ادا کیا جانا موجودہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کی واضح مثال ہے انکے پاس نہ کوئی معاشی وژن ہے۔
اور نہ ہی عوام کو ریلیف دینے کا کوئی جامع منصوبہ۔ آئی ایم ایف کی غلامی میں دی جانے والی شرائط نے ملکی خودمختاری کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔ جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ سودی نظام سے نجات، غیر ضروری اخراجات ختم کیے جائیں، کرپشن ختم اور قومی دولت کو عوام کی فلاح پر خرچ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کے ذریعے حقیقی تبدیلی لانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قوم کو ایسے نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو صرف ذاتی مفادات کیلئے برسر اقتدار ہیں۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اسلامی اور عوام دوست معاشی نظام کا نفاذ ناگزیر ہو چکا ہے ۔