کورنگی میں سروس روڈ پر قائم فوڈاسٹریٹ غیرقانونی قرار

کورنگی میں سروس روڈ پر قائم فوڈاسٹریٹ غیرقانونی قرار

ٹاؤن انتظامیہ کودو ہفتوں میں فوڈ اسٹریٹ ختم اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم سروس روڈ کے خاتمے سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگا ،درخواست گزار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کورنگی میں سروس روڈ پر قائم فوڈ اسٹریٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کو دو ہفتوں کے اندر فوڈ اسٹریٹ ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست میں وزارت بلدیات ، کورنگی ٹاؤن انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر کورنگی اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سروس روڈ ٹریفک کی روانی کے لیے ناگزیر ہے اور اسے کسی بھی صورت ختم یا تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔درخواست گزار کے وکیل حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ٹاؤن انتظامیہ کو سروس روڈ کی حیثیت تبدیل کرنے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں۔

سروس روڈ کے خاتمے سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگا اور انسانی جانوں کے نقصان کا خدشہ بڑھ جائے گا، جو عوامی مفاد کے سراسر خلاف ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ سروس روڈ پر کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دینا قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس سے علاقے میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ ٹاؤن انتظامیہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عوام کی سہولت کے لیے فوڈ اسٹریٹ قائم کی گئی ہے ۔ ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق فوڈ اسٹریٹ میں 144 عارضی دکانیں اور اسٹالز قائم ہیں، جن سے شہریوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ سروس روڈ پر فوڈ اسٹریٹ کا قیام غیر قانونی ہے اور اسے برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں