ڈیجیٹل بھارتی سپانسر ڈدہشتگردی، سائبر سیل بنایاجائے :پی پی

 ڈیجیٹل بھارتی سپانسر ڈدہشتگردی، سائبر سیل بنایاجائے :پی پی

بھارتی ایجنسیوں، ایجنٹوں ، وہاں سے چلنے والے اکاؤنٹس کیخلاف کارروائی کی جائے

لاہور(سپیشل رپورٹر )پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی ڈیجیٹل سپانسر ڈدہشت گردی کیخلاف فوری طور پر خصوصی سائبر سیل قائم کیا جائے ۔بھارتی ایجنسیاں پاکستان میں فرقہ ورانہ فسادات کے بیج بو رہی ہیں۔اپنے ویڈیو بیان میں فیصل میر کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسیوں، ایجنٹوں اور وہاں سے چلنے والے اکاؤنٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور پاکستان میں بیٹھ کر بھارتی ایجنڈے پر کام کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری نفرت انگیز اور مشکوک سوشل میڈیا کمنٹس پر ری ایکشن نہ دیں ، نفرت انگیز مواد اور جعلی اکاؤنٹس کو فوری طور پر ایف آئی اے میں رپورٹ کیا جائے ۔فیصل میر نے مزید کہا کہ بھارت اور افغانستان کی کوئی سازش شیعہ، سنی، بریلوی کو آپس میں نہیں لڑوا سکتی،ہم متحد ہیں، متحد رہیں گے اور متحد ہو کر بھارت کو شکست دینگے ۔ پیپلز پارٹی قومی یکجہتی و مذہبی ہم آہنگی کے دفاع میں ہر محاذ پر کھڑی ہے ،اسلام آباد میں امام بارگاہ پر خودکش دھماکہ بھارت ، طالبان گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے ۔ پاک فوج کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارت اب چھپ کر بزدلانہ وار کر رہا ہے ،بھارت سوشل میڈیا پر ہزاروں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے ،شیعہ، سنی اور بریلوی مکاتبِ فکر کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی سازش میں مصروف ہے ،بھارتی ریاستی سرپرستی میں ڈیجیٹل میڈیا کو پاکستان کیخلاف ہتھیار بنایا جا رہا ہے مگر پاکستانی قوم اور مسلح افواج ملکر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں