پولیس کے 24 ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، جلد تکمیل کی ہدایت
پولیس کے 24 ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، جلد تکمیل کی ہدایتجاری منصوبوں کو اعلیٰ تعمیراتی معیار برقرار رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے :آر پی او
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)آر پی او محمد شہزاد آصف خان کی زیر صدارت پولیس ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس آر پی او آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف، سپرنٹنڈنگ انجینئر بلڈنگ سرکل، وائس پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول، ایس پی ہائی وے پٹرول اور ایس پی آپریشنز سیف سٹی کے ساتھ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سرگودھا ریجن میں پولیس کی کل 24 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، جن میں ضلع سرگودھا کے 10، خوشاب کے 3، میانوالی کے 3، بھکر کے 2، پنجاب ہائی وے پٹرول کے 3 اور پولیس ٹریننگ سکول کے 3 تعمیراتی منصوبے شامل ہیں۔آر پی او محمد شہزاد آصف خان نے جاری منصوبوں کو اعلیٰ تعمیراتی معیار برقرار رکھتے ہوئے جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔