میانوالی : رمضان پیکیج، 24 افطاری دسترخوان لگانے کی ہدایت
میانوالی : رمضان پیکیج، 24 افطاری دسترخوان لگانے کی ہدایتمستحق خاندانوں کو نگہبان کارڈ کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جائے گی
میانوالی (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخی اقدام نگہبان رمضان پیکج 2026 کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو ساریہ حیدر خان، اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر پپلاں ظفر اقبال، محکمہ زراعت توسیع، مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 24 \\\"رمضان نگہبان دسترخوان مریم کے مہمان\\\" لگائے جا رہے ہیں، جن میں ہر تحصیل میں 8 دسترخوان شامل ہیں، جہاں روزہ داروں کو افطاری فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ میانوالی میں قائم سہولت بازار میں بھی رمضان بازار کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شہریوں کو اشیائے خوردونوش مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مستحق خاندانوں کو نگہبان کارڈ کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نگہبان دسترخوان، رمضان سہولت بازار اور نگہبان کارڈ کی تقسیم کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔