پی پی ایس سی :امیدوار امتحانی مرکز تبدیل کروا سکیں گے
طبی بنیادوں،شادی یاوفات،امتحانات کے باہمی ٹکراؤ پر پالیسی کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور(خبر نگار)پنجاب پبلک سروس کمیشن کا امتحانی مراکز کی تبدیلی بارے اہم فیصلہ جاری ، امیدوار طبی بنیادوں، امتحانات کے باہمی ٹکراؤ، قریبی رشتہ دار کی شادی یا وفات، خواتین امیدوار حمل یا زچگی، قدرتی آفات یا امن و امان کی صورتحال پر امتحانی مرکز تبدیل کروا سکیں گے ۔ سیکرٹری پی پی ایس سی نے چیئرمین کی حتمی منظوری پر پالیسی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کاظم مقدس کے مطابق امتحانی مرکز تبدیلی کیلئے درخواستیں صرف مذکورہ مخصوص حالات میں قابلِ غور ہونگی، درخواستوں کیساتھ مستند اور قابلِ تصدیق دستاویزی ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ غیر معمولی اور ناگزیر حالات، جیسے رہائش تبدیلی، تبادلہ یا خصوصی افراد کیلئے مرکز تک رسائی میں دشواری، کیس ٹو کیس بنیاد پر غور کیا جا سکتا ہے ۔امتحانی مرکز تبدیلی درخواست امتحان سے کم از کم 7 دن قبل جمع کروانا ضروری ہوگا۔تمام درخواستوں کا فیصلہ میرٹ پر کرکے امیدوار کو 3 سے 5 ورکنگ ڈیز میں آگاہ کیا جائے گا۔کمیشن کے ملازمین اگر کسی اسامی پر درخواست دینگے تو انکا امتحانی مرکز لاہور ہی ہوگا ۔