ماہ صیام کی سپلائی کیلئے جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
باگڑیاں میں آپریشن ،1300 لٹر تیار بوتلیں ، ضبط ،یونٹ مالک پرمقدمہ ،ملزم گرفتار
لاہور( این این آئی)رمضان المبارک میں سپلائی کیلئے تیار ہونے والی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے باگڑیاں میں گرینڈ آپریشن کیا ۔ اس دوران 1300 لیٹر تیار اور 1800 خالی بوتلیں ضبط کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔جعلی لیبل، 4ڈرم، سلنڈر، فلنگ پمپ، کولنگ سسٹم، ڈھکن،وزن کانٹا اور خام مال بھی ضبط کیا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاویدنے بتایاکہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، جعلی کولڈ ڈرنکس غیر فلٹر شدہ نل کے پانی، کھلے رنگ، فلیور اور ممنوعہ اجزا سے تیار کی جارہی تھیں،یونٹ میں مختلف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کی جارہی تھیں، صفائی کے ناقص انتظامات، تیار محلول بغیر ڈھانپے ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا،جعلسازی کا مکروہ دھندہ رہائشی علاقے میں چھپ کر کیا جا رہا تھا،ویجی لینس ٹیم نے سپلائی چین کی ریکی کر کے یونٹ کا پتہ لگایا ۔ خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنیوالوں کو پنجاب سے نکال بھگائیں گے۔