یو ای ٹی کے 769طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپس تقسیم
طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑاجارہا تاکہ وہ تحقیق میں آگے بڑھ سکیں، احسن اقبال
لاہور (خبرنگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ لاہور میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت لیپ ٹاپس کی تقسیم ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی خصوصی شرکت، وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن یوتھ رضوان انور بھی موجود تھے جنہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے تقریب میں2025 تک کے تمام سپرنگ سیشنز کے طلبہ کو 769 لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور شرکا سے خطاب میں کہا لیپ ٹاپ مکمل شفافیت اور میرٹ پر دیئے گئے ہیں ، نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑا جارہاہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق ، جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا آرٹیفیشل انٹیلی جنس منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی پروگرامز اور انٹرپرینیورشپ کے ادارے بھی قائم کیے جا چکے ہیں اب طلبہ کوڈنگ کے ذریعے گھر بیٹھے روزگار حاصل کر سکیں گے ۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سے دور رہیں اور اپنی توانائیاں تعلیم و تحقیق پر مرکوز رکھیں۔ نوجوان ہی پاکستان کی اصل قوت ہیں اور انہی کے ذریعے ملک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوگا۔