صاف پانی ، نکاسی آب رسائی میں شدید عدم مساوات
فرسودہ واٹر سپلائی نظام، اربن فلڈنگ سے شہری زندگی متاثر :ایچ آر سی پی
لاہور(خبر نگار )ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی)کی فیکٹ فائنڈنگ سٹڈی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تیزی سے پھیلتے شہر لاہور میں صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولیات تک رسائی میں شدید عدم مساوات پائی جاتی ہے جس کا سب سے زیادہ بوجھ کم آمدنی والے علاقوں، کچی آبادیوں، خواتین، خواجہ سرا افراد، بچوں اور معذور افراد کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک کروڑ تیس لاکھ آبادی والے شہر میں فرسودہ واٹر سپلائی نظام، ٹوٹا پھوٹا ڈرینج انفراسٹرکچر اور ہر سال مون سون کے دوران اربن فلڈنگ جیسے مسائل شہری زندگی کو متاثر کر رہے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بیوروکریٹک سست روی، پرانی پالیسیاں اور شہریوں کی شمولیت کا فقدان ان مسائل کو مزید گھمبیر بنا رہا ہے ۔یہ تحقیق پبلک پالیسی ماہر ڈاکٹر امداد حسین نے تیار کی جس میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی شدت اور غیر مربوط شہری منصوبہ بندی نے صاف پانی اور نکاسی آب تک رسائی کو مزید مشکل بنا دیا ہے ۔رپورٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہری آبی نظم و نسق کو مساوی اور شراکتی بنیادوں پر استوار کیا جائے۔