رکشہ ، ٹرک میں تصادم ،ڈرائیور جاں بحق،4طلبہ زخمی
موڑکھنڈا،ننکانہ صاحب (نامہ نگار،خبرنگار) موڑ کھنڈامنڈی فیض آباد روڈ نزد ٹوری اﷲ یار سٹاپ کے قریب سکول رکشہ اور منی ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور جاں بحق ،4کمسن طلبہ شدید زخمی ہو گئے ۔۔۔
تفصیلات کے مطابق لاہور جڑانوالہ روڈ پر ٹوری اﷲ یار کے قریب سکول رکشہ اورمنی ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 25 سالہ رکشہ ڈرائیور محمد صداقت موقع پر دم توڑ گیا جبکہ سکول کے چار بچے زخمی ہو ئے ۔جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ زخمی بچوں میں 12 سالہ احسان، 10 سالہ سفیان، 15 سالہ فضا اور 14 سالہ مروا شامل ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کر دی جبکہ ریسکیو عملہ نے ضروری کارروائی کے بعد لاش مقامی پولیس کے حوالے کر دی۔حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔