پنجاب :سرکاری کالجز میں کمپیوٹر لیبز کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ
گریجوایٹ کالجز میں کم از کم 50 ،انٹر کی لیبز میں کم از کم 30 کمپیوٹر رکھنا لازم
لاہور(خبر نگار)صوبہ پنجاب کے سرکاری کالجز میں آئی ٹی سہولیات بہتر بنانے کے لیے کمپیوٹر لیبز کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے کالجز کو دو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر کے کمپیوٹرز کی کم از کم تعداد کا نیا معیار مقرر کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے گریجوایٹ اور انٹرمیڈیٹ سطح کے کالجز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ الگ معیار متعارف کرایا ہے ۔ نئی پالیسی کے تحت گریجوایٹ کالجز کی کمپیوٹر لیبز میں کم از کم 50 کمپیوٹر جبکہ انٹر کالجز کی لیبز میں کم از کم 30 کمپیوٹر رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو جدید آئی ٹی سہولیات فراہم کرنا اور عملی تربیت کے مواقع بڑھانا ہے تاکہ طلبہ کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے ۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 110 سرکاری کالجز کی کمپیوٹر لیبز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت پرانے اور ناکارہ کمپیوٹرز کو تبدیل کرنے کے ساتھ نئی مشینیں بھی فراہم کی جائیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر لیب اپ گریڈیشن کا منصوبہ رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً چار ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔