ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز
پانچ روز کے دوران 82 ہزار 369 ای چالانوں کے جرمانے وصول
لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور کے احکامات پر ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے اور گزشتہ پانچ روز کے دوران 82 ہزار 369 ای چالانوں کے جرمانے وصول کر لیے گئے ۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید کے مطابق ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں سے ریکوری کے لیے ٹریفک پولیس کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی ڈیٹا سے منسلک خصوصی ٹیمیں ڈیفالٹر گاڑیوں کی نشاندہی کر کے فوری کارروائی اور جرمانوں کی وصولی یقینی بنا رہی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کی ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں سے بھی بلا امتیاز جرمانوں کی وصولی کی جا رہی ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے بعد بچ نکلنا اب ممکن نہیں رہا، لہٰذا شہری بروقت ای چالان ادا کریں۔ بصورت دیگر مستقبل میں مختلف سرکاری خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔