جمعیت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے بک فیئرکاافتتاح
کتاب دوستی کے رجحان کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت :ناظم اعلیٰ کاخطاب
لاہور(خبر نگار)ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کے 60 سے 70 فیصد ڈاکٹرز بہتر مستقبل اور پیشہ ورانہ مواقع کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہیں، جو ملک کے لیے لمحئہ فکریہ ہے ۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، لہٰذا ریاست کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں پر بھرپور سرمایہ کاری کرے اور انہیں بہتر تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے زیرِ اہتمام دو روزہ بُک فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، ناظم لاہور عبداللہ بن عباس نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک میں تعلیمی، فکری اور اخلاقی شعور کے فروغ کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔ کتاب دوستی کے رجحان کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، کیونکہ مطالعہ ہی نوجوان نسل کی فکری رہنمائی اور کردار سازی کا مؤثر ذریعہ ہے ۔بُک فیئر کے دوران طلبہ و طالبات کے لیے مختلف علمی و تربیتی سیشنز کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے میڈیکل طلبہ و طالبات میں اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔