عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے اہم ماحولیاتی منصوبہ شروع
اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات پر اے کیو آئی ڈسپلے نصب ہوں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کلیمیٹ ایکشن سینٹر کے تعاون سے فضائی آلودگی اور ماحولیاتی صورتحال سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے ایک اہم ماحولیاتی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت کے ایم سی کی حدود میں نصب اسٹریمرز اور ایس ایم ڈیز پر ائیر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ڈسپلے کیا جائے گا۔ منعقدہ تقریب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ائیر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ڈسپلے پراجیکٹ کا افتتاح کیا جس کے ذریعے کراچی بھر کے شہریوں کو فضائی معیار سے متعلق حقیقی وقت کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔منصوبے کے تحت شہر کی 100 سے زائد اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات پر AQI ڈسپلے نصب کیے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شہری انتظامیہ گرین انرجی کے فروغ اور ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی نے متعدد بلدیاتی تنصیبات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ، جس سے نہ صرف آپریشنل اخراجات میں کمی آئی ہے بلکہ کاربن کے اخراج میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو ایک ماحول دوست اور پائیدار شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔