پاکستان میں ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر :نو شین افتخار
وزیراعظم سے ملاقات ، امریکہ ایران مفاہمت میں ثالثی کی کوششوں کو سراہا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ر کن قومی اسمبلی و چیئرپرسن سٹینڈنگ کمیٹی قومی ورثہ و ثقافت سیدہ نوشین افتخارنے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، انتھک محنت اور مؤثر سفارت کاری نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے ۔ انہوں نے اس اہم سفارتی کامیابی کو خطے میں امن، استحکام اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کی جانب ایک قابل ستائش پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کی خدمات کو سراہا۔ سیدہ نوشین افتخار نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مفاہمت کیلئے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی کامیابی خطے میں پائیدار امن کی ضامن ثابت ہو سکتی ہے ، ملک کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ن لیگ کی وفاقی حکومت وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور جدوجہد کررہی ہے ۔
نوشین افتخار نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی خدمت اور تعمیر وترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں کام کررہی ہے پاکستان میں ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور ن لیگ ہمیشہ اس مقصد کیلئے کردار ادا کرتی رہی ہے ، وزیراعظم ملکی ترقی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں ، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔