معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ جلوسوں کا جائزہ لینے سرگودھا پہنچ گئے
معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ جلوسوں کا جائزہ لینے سرگودھا پہنچ گئے عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ،شعیب مرزا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا عاشورہ محرم تک کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لینے سرگودھا پہنچ گئے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری اور ڈی پی او صہیب اشرف کے ہمراہ بلاک نمبر 16 سے رات برآمد ہونے والے نو محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا پیدل معائنہ کیا اور سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ، سبیلوں اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے شہر میں منعقد ہونے والی مختلف مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی۔ منتظمین نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب مرزا نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں، طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے ۔ معاونِ خصوصی نے جلوس میں شریک ممبرانِ امن کمیٹی سے بھی ملاقات کی اور تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد، رواداری اور باہمی احترام امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔