صوبائی وزیر صہیب بھرتھ کا دورہ راولپنڈی ،انتظامات کا جائزہ

صوبائی وزیر صہیب بھرتھ کا دورہ راولپنڈی ،انتظامات کا جائزہ

سکیورٹی، ٹریفک، صفائی ستھرائی، طبی امداد، فسیلیٹیشن سنٹرز اور دیگر انتظامات پر بریفنگ

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر مواصلات پنجاب و ممبر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ملک صہیب احمد بھرتھ نے ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کے ہمراہ راولپنڈی میں محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے مرکزی جلوس کے روٹ، سیف سٹی کنٹرول روم، مرکزی کنٹرول روم اور راجہ بازار کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی ستھرائی، طبی امداد، فسیلیٹیشن سنٹرز اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، واسا، میونسپل کارپوریشن، آر ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ ادارے محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔صوبائی وزیر نے مرکزی جلوس کے روٹ پر صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، نکاسی آب، ٹریفک مینجمنٹ، سی سی ٹی وی نگرانی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیف سٹی کنٹرول روم اور مرکزی کنٹرول روم میں نصب جدید مانیٹرنگ سسٹمز کا معائنہ کرتے ہوئے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے انتظامات پر بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے حساس مقامات اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے خصوصی کنٹرول رومز بھی فعال ہیں۔ ادھر صوبائی وزیر کی زیر صدارت کمشنر آفس میں محرم الحرام کے انتظامات اور یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹس کے حوالے سے اجلاس ہوا، صہیب برتھ نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے امن و امان کی فضا برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ پنجاب بھر میں محرم الحرام کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں اور محرم الحرام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں