روبوٹک سرجری کیلئے سرٹیفکیٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

 روبوٹک سرجری کیلئے سرٹیفکیٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

تربیت یو ایچ ایس سے الحاق شدہ تدریسی ہسپتالوں میں دی جائے گی:حکام مقصد مستقبل کے سرجنوں کو عالمی معیار کی طبی مہارتوں سے آراستہ کرنا

لاہور( این این آئی)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پنجاب میں پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری کی عملی تربیت کے لیے تین ماہ پر مشتمل سرٹیفکیٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کا مقصد مستقبل کے سرجنوں کو عالمی معیار کی جدید طبی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے ۔یو ایچ ایس انتظامیہ کے مطابق یہ پیشرفت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اور برطانیہ میں مقیم معروف روبوٹک سرجری ماہر پروفیسر ڈاکٹر متین شریف کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر متین شریف حال ہی میں یو ایچ ایس کی سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم کے دورہ برطانیہ کے نتیجے میں لاہور پہنچے ہیں۔یو ایچ ایس جناح کیمپس کالا شاہ کاکو میں روبوٹک سرجری سیمولیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، موجودہ پروفیشنل سکلز ڈویلپمنٹ سینٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک جدید سیمولیشن سنٹر میں تبدیل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق روبوٹک سرجری کی عملی تربیت یو ایچ ایس سے الحاق شدہ تدریسی ہسپتالوں میں دی جائے گی۔اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر متین شریف روبوٹک سرجری کے نصاب اور تربیتی پروگرام کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے اور مختلف تربیتی ورکشاپس کی نگرانی بھی کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں