سید منور حسنؒ امتِ مسلمہ کا درد رکھنے والے قائد تھے :جمعیت
ان کی زندگی اخلاص، سادگی اور نظریاتی وابستگی کا عملی نمونہ تھی:ناظم اعلیٰ وسیم حیدر
لاہور (صباح نیوز) ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ سید منور حسنؒ کی یومِ وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سید منور حسنؒ ایک عظیم اسلامی مفکر، بااصول سیاسی رہنما، جرات مند ترجمانِ حق اور امتِ مسلمہ کے درد رکھنے والے قائد تھے ۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، حق و انصاف کے قیام اور مظلوم انسانیت کی آواز بلند کرنے کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ سید منور حسنؒ نے اپنی فکری بصیرت، اصولی استقامت اور بے مثال جرأت کے ذریعے قومی اور ملی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے ۔ وہ نوجوانوں کی کردار سازی، معاشرے میں اسلامی اقدار کے فروغ اور ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے داعی تھے ۔ ان کی زندگی اخلاص، سادگی اور نظریاتی وابستگی کا عملی نمونہ تھی۔ وسیم حیدر نے کہا کہ سید منور حسنؒ نے ہر دور میں ظلم، جبر، استحصال اور بیرونی مداخلت کے خلاف دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ وہ حق بات کہنے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوتے تھے اور ہمیشہ اصولوں کی سیاست کے علمبردار رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سید منور حسنؒ کو امتِ مسلمہ خصوصاً فلسطین، کشمیر اور دیگر مظلوم اقوام کے مسائل کا گہرا احساس تھا۔