امن و امان کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر :گورنر

 امن و امان کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر :گورنر

ادارے ماتمی جلوس کے راستوں اور مجالس میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں:گفتگو

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے اور امن و امان کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ محرم الحرام صبر، برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے ماتمی جلوس کے راستوں اور مجالس میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔ یہ بات اُنہوں نے چکوال میں ماتمی جلوس کے راستوں کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے جلوسوں اور مجالس کے لیے فراہم کی جانے والی میونسپل سروسز اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے امام بارگاہ سے نکلنے والے جلوس میں شرکت بھی کی اور عزاداروں سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہترین سہولیات اور پرامن ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے مؤثر سکیورٹی اور مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔اُنہوں نے عزاداران کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے ، ان اقدار کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ۔ عوام امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں