جنرل ہسپتال:آؤٹ ڈور میں لواحقین سے بدتمیزی پر ملازم معطل

جنرل ہسپتال:آؤٹ ڈور میں لواحقین سے بدتمیزی پر ملازم معطل

پرنسپل کاسخت نوٹس، واقعہ کی تحقیقات کاحکم ، ڈاکٹر جعفر حسین انکوائری افسر مقررمیو ہسپتال لاہور کے بلڈ بینک میں مریض کے لواحقین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )لاہور جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں مریض کے لواحقین کے ساتھ مبینہ بدتمیزی کے معاملے پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا ہے ۔ترجمان جنرل ہسپتال کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ہسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر جعفر حسین شاہ کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے جو معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں گے ۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قصوروار ثابت ہونے والوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثنا میو ہسپتال لاہور کے بلڈ بینک میں مریض کے لواحقین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور دھمکی آمیز رویے کا معاملہ سامنے آگیا۔ خون کے حصول کے لیے آنے والے مریض کے اہلخانہ اور بلڈ بینک کے ایک ملازم کے درمیان ہونے والی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریض کے لواحقین ملازم سے خون فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مریض کا آپریشن صبح ہونا ہے اور فوری خون کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں