پی ایچ اے :درختوں کی حفاظت کیلئے ٹری آفیسر تعینات
ٹری آفیسر اپنے علاقے میں درختوں کا معائنہ کر کے ریکارڈ مرتب کرے گا
لاہور (صباح نیوز) پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے درختوں کے معائنے ، ڈیجیٹل ریکارڈ کی دیکھ بھال، شجرکاری کی نگرانی اور ہارٹی کلچر ضوابط کے نفاذ کے لیے ٹری افسران مقرر کر دئیے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا میں ٹری آفیسرز مقرر کی جا چکے ہیں اور جلد ہی باقی اضلاع میں بھی افسران کو یہ ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔ترجمان کے مطابق ٹری آفیسر اپنے علاقے میں درختوں کا معائنہ کر کے جامع ریکارڈ مرتب کرے گا۔ معاوضاتی شجرکاری کی نگرانی اور کم از کم تین سال تک درختوں کی بقا کی جانچ بھی ٹری افسر کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔ وراثتی درختوں کی نامزدگی اور ان کا ریکارڈ مرتب کرنا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور متعلقہ ایجنسیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز کو سہ ماہی رپورٹیں جمع کرانا بھی ٹری آفیسر کے فرائض میں شامل ہو گا۔