ایم آر آئی ، سی ٹی سکین مشینیں فعال،ٹیسٹوں میں تاخیر

 ایم آر آئی ، سی ٹی سکین مشینیں فعال،ٹیسٹوں میں تاخیر

6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کئی ہفتے بعد کی تاریخیں ملنے پر علاج تاخیر کاشکار

لاہور (بلال چودھری )لاہور کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشینیں فعال ہونے کے باوجود مریضوں کو بروقت تشخیص کی سہولت میسر نہیں اور ٹیسٹوں کیلئے کئی ہفتوں بعد کی تاریخیں دی جا رہی ہیں۔محکمہ صحت ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال میں ایک ایم آر آئی اور تین سی ٹی سکین مشینیں ،چلڈرن ہسپتال میں ایک ایم آر آئی اور ایک سی ٹی سکین مشین ،گنگا رام ہسپتال میں ایک ایم آر آئی اور دو سی ٹی سکین مشینیں، میو ہسپتال میں ایک ایم آر آئی اور دو سی ٹی سکین مشینیں، جناح ہسپتال میں ایک ایم آر آئی اور دو سی ٹی سکین مشینیں موجود ہیں اور تمام فعال ہیں۔ لاہور جنرل ہسپتال میں ایک ایم آر آئی اور ایک سی ٹی سکین مشین موجود ہے جو فعال ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید تشخیصی مشینوں کی موجودگی کے باوجود مریضوں کو فوری ٹیسٹ کی سہولت نہیں مل رہی۔ مریضوں کو فوری تشخیص درکار ہوتی ہے لیکن انہیں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین کیلئے ہفتوں انتظار کرنا پڑتا ہے جس سے علاج میں تاخیر ہو رہی ہے ۔اس حوالے سے انتظامیہ کا موقف ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے جس سے معمول کے مریضوں کو ٹیسٹ کیلئے وقت دینا پڑتا ہے تاہم ٹراما، ہیڈ انجری اور دیگرسیریس نوعیت کے مریضوں کے ایم آر آئی اور سی ٹی سکین بروقت کیے جاتے ہیں اور انہیں ترجیح دی جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...