سیوریج کا نظام مفلوج،سڑکیں کھنڈر ، بوریوالا تباہ حالی کا شکار
تمام سڑکیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں، شہریوں کا اصلاح احوال کا مطالبہ
بورے والا ( نمائندہ دنیا)‘‘دی سٹی آف ایجوکیشن اینڈ سپورٹس’’ تباہ حالی کا شکار،سڑکیں کھنڈر بن گئیں،سیوریج کا نظام بھی مفلوج،ضلعی حکام نے شہر سے منہ موڑ لیا،سیاسی و سماجی، مذہبی، کاروباری اور دیگر نمائندہ تنظیموں کا وزیر اعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیل کے مطابق پنجاب میں آبادی کے اعتبار سے 13 ویں بڑے شہر بورے والا میں گذشتہ دو سالوں سے تعمیر و مرمت کے کام نہ ہونے کی وجہ سے ‘‘دی سٹی آف ایجوکیشن اینڈ سپورٹس’’ مسائل کا گڑھ بن گیا ہے شہر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں بری طرح تباہ ہو کر کھنڈر میں تبدیل ہو چکی ہیں جسکی وجہ سے نہ صرف آمدورفت میں مشکلات ہیں بلکہ ان سڑکوں پر سفر کرنے والی چھوٹی بڑی گاڑیاں کھٹارا بن گئی ہیں بارشوں کا پانی کئی کئی روز تک گہرے کھڈوں میں کھڑا رہتا ہے اسکے علاوہ 40/50 سالہ پرانا سیوریج سسٹم آبادی میں کئی گناہ اضافے اور میونسپل کارپوریشن میں وسائل کی کمی کی وجہ سے بری طرح مفلوج ہو چکا ہے جبکہ گزشتہ دور حکومت میں 22 کروڑ سے زائد کی لاگت سے بچھائی جانے والی نئی سیوریج لائنیں زمین بوس ہو چکی ہیں اور مکمل فنڈز جاری نہ ہونے سے یہ نامکمل منصوبہ سفید ہاتھی بن گیا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔