سجادہ نشین شاہ محمود کی بہاء الدین زکریا ؒ کے مزار پرحاضری

سجادہ نشین شاہ محمود کی بہاء الدین زکریا ؒ کے مزار پرحاضری

پھولوں کی چادریں چڑھائیں ،آج چادرپوشی اور اجتماعی دعا میں شریک ہوں گے

ملتان(خبرنگارخصوصی)شیخ الاسلام حضرت غوث بہائالدین زکریا سہروردی ملتانی ؒکے 782ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز نماز فجر کے بعد درگاہ شریف میں قرآن خوانی اور ایصال ثواب کی خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں تلاوت کلام مجید درود شریف ’ درود تاج اور ختم خواجگان پڑھا گیا جبکہ 11 بجے دن دربار کے سجادہ نشین اور وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ عرس کے دوسرے روز بھی سینکڑوں عقیدت مندوں نے مزار پر حاضری دی۔ حضرت بہا ئالدین زکریا کے سالانہ عرس مبارک کے آج تیسرے روز دس بجے ختم شریف کی محفل ہوگی اور آخر میں مخدوم شاہ محمود قریشی مزار پر چادر پوشی اور اجتماعی دعا کرائیں گے ۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ وہ دنیا نیوز کے بیورو چیف نعمان خان بابر کی بھابی کی وفات پر فاتحہ خوانی کیلئے ان کی رہائش گاہ پر گئے ۔ سابق یوسی چیئرمین 43 ملک ناصر بھٹہ کی رہائش گاہ پر گئے ۔ انہوں نے یوسی 50 ممتاز آبا دمیں سابق ناظم شیخ سلیم کی رہائش گاہ پر استقبالیہ میں شرکت کی۔ جہاں انہو ں نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی ’ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ سابق کونسلر طارق شاہ کی وفات پر ان کے بھائی ناصر شاہ سے اظہار افسوس کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں