میپکو،نادہندہ سرکاری اداروں کیخلاف آج سے آپریشن شروع

میپکو،نادہندہ   سرکاری  اداروں  کیخلاف   آج  سے  آپریشن  شروع

ملتان (خصوصی رپورٹر) میپکو نادہندہ سرکاری اداروں کیخلاف آج سے آپریشن شروع کر رہا ہے ، ملتان الیکٹرک پاورکمپنی انتظامیہ نے31 جنوری 2023ء تک بجلی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندہ سرکاری اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیاہے ۔

ملتان میں واسا، محکمہ جیل، پولیس، ضلعی حکومت، صحت اور ٹی ایم ایز کے ذمہ 2ارب 57کروڑروپے کے بقایاجات ہیں ۔ ڈائریکٹر کمرشل میپکو اسدحماد نے ملتان سرکل کے افسر وں کو بجلی کے ماہانہ بلوں اور سابقہ واجبات کی ادائیگیاں نہ کرنے والے وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں ،محکموں کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اور آج سے ماہانہ بلوں ،واجبات ،بقایاجات کی وصولی کے لئے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمرشل منیجر میپکو ملتان سرکل ارشاد حسین سیال کو ہدایت کی ہے کہ واسا ملتان کے ذمہ 2ارب 30کروڑروپے ، محکمہ جیل خانہ جات کے 4 کروڑ90لاکھ روپے ، محکمہ پولیس کے ایک کروڑ90لاکھ روپے ، ضلعی حکومت کے دفاتر کے 12کروڑ70لاکھ روپے ، محکمہ صحت کے 3کروڑ20لاکھ روپے اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ذمہ 5کروڑروپے وصول کرنے کے لئے آپریشن کیاجائے ۔ ڈائریکٹرکمرشل نے ملتان سرکل کے افسروں کو ہدایت کی کہ بجلی کے بلوں پر ریڈنگ کی تصاویر کی شرح بھی 100فیصد کی جائے اور رواں ماہ کے اختتام تک درست اور واضح تصاویر کا 100فیصد ہدف حاصل کیاجائے ۔درست بلنگ کیلئے خراب اور جلنے والے میٹرز ترجیحی بنیادوں پر تبدیل کئے جائیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں