کاشتکاروں کا ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان

 کاشتکاروں کا ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)حکومت کی ناقص پالیسی کے باعث گندم کی خریداری نہ ہونے پر ضلع بھر کے ۔۔

سینکڑوں کاشتکار اپنی گندم کی ٹرالیوں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کسان اتحاد کے ضلعی صدر ملک فیصل جھیڈا، سینئر نائب صدر چودھری رفیق گجر ،ملک جہان خان ، سید عباس شاہ ، ملک صفدر زمان اور یوسف خان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب خانیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی فصل پر مہنگی کھادوں، سپرے اور بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے بعد جب اس کی کٹائی کا وقت آیا تو حکومت کی ناقص پالیسی کے باعث گندم کا کوئی خریدار نہیں حکومت کی جانب سے گندم کے باردانہ کے حصول کے لیے بنائی گئی ایپ بھی نہیں چلتی جبکہ گندم کی فصل کو اب لینے کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ۔ کسان رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ گندم خریداری کی ناقص پالیسی کے خلاف 23 اپریل کو گندم کی ٹرالیوں کے ہمراہ ضلع بھر کے سینکڑوں کاشتکار ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پھر اس نہ ختم ہونے والے احتجاج کو ہر تحصیل سطح پر دھرنا کی صورت میں بدل دیا جائے گااور پنجاب حکومت کی مقرر کردہ امدادی قیمت 3900 روپے میں گندم کی خریداری کو یقینی نہ بنایا گیا تو یہ احتجاج کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ پورا ضلع کے ساتھ ساتھ پھر پنجاب بھر میں شروع کر دیا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں