گڈ گورننس ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ

گڈ گورننس ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عوامی خدمت کیلئے۔۔

 گڈ گورننس ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ پورٹل فعال کردیا گیا ہے جس میں شہریوں کی درخواستوں کو آن لائن محکموں کو بھیج کر فوری انصاف فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی افسران کے ہفتہ وار کارکردگی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے اوپن ڈور پالیسی کو ہر صورت نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ پرائس کنٹرول مہم،ڈینگی اور ریونیو واجبات کی وصولی کو ترجیح بنایا جائے جبکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال کرنے کیلئے اصلاحات کرنا ہونگی۔رضوان قدیر نے واضح کیا کہ ای کمپلینٹ پورٹل کے ذریعے افسران کی کارکردگی کا آڈٹ کیا جائے گا جبکہ شہر اولیائمیں تجاوزات کے خاتمے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری رکھا جائے ۔رضوان قدیر نے ہدایت کی کہ ریونیو افسران کورٹ ورک کے ذریعے کیسز کا جلد فیصلہ کرکے عوام کو ریلیف دیں۔علاوہ ازیں رضوان قدیر نے انٹر کے امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے امیدواروں کو فراہم سہولیات اور امتحانی مٹیریل کی ترسیل کا جائزہ لیا اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن فیض احمد ریاض نے امتحانی مراکز پر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ امتحانی مراکز کی حدود میں قیام امن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کو پارکنگ ،پانی اور سیکورٹی کی موثر سہولت فراہم کی جائے گی۔رضوان قدیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں قائم مراکز میں امتحانی عمل شفاف رکھنا ترجیح ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں