جنوبی پنجاب:ترقیاتی منصوبوں کیلئے 135 ارب کا اجراء

جنوبی پنجاب:ترقیاتی  منصوبوں  کیلئے  135  ارب  کا  اجراء

ملتان (وقائع نگار خصوصی)جنوبی پنجاب میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کامیابی کے ساتھ عملدرآمد جاری ہے اور خطے میں شروع کئے گئے 2600 ترقیاتی منصوبے تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر135 ارب روپے جاری کئے گئے اور اب تک ترقیاتی فنڈز کا81 فیصد خرچ کر لیا گیا ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب آفتاب پیرزادہ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس میں سیکرٹری لائیوسٹاک ناصرجمال ہوتیانہ، سیکرٹری اریگیشن عبدالخالق رزاقی ، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو مہرخالد اور محکمہ خزانہ اور لوکل گورنمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ کمشنر بہاولپور نادر چٹھہ نے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد بارے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کا شفاف استعمال ہمارا ہدف ہے ۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہ کی جائے اور ترقیاتی بجٹ لیپس ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر کو جواب دہ بنایا جائے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز فیلڈ میں جاکراپنے محکموں کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں اور میگا ترقیاتی پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کے 43، سکول ایجوکیشن کے 10 اور پبلک بلڈنگز کے 120 منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کے 17، پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے 122، ایری گیشن 54، روڈز510،اربن ڈویلپمنٹ 81، واٹر سپلائی سیوریج کے 392، لوکل گورنمنٹ، 395، زراعت8، لائیوسٹاک5، جنگلات3 اور وائلڈ لائف کے 2 منصوبے بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں