عید کے ایام میں 212 بجلی چور پکڑے گئے،ساڑھے 83 لاکھ جرمانہ

عید کے ایام میں 212 بجلی چور  پکڑے گئے،ساڑھے 83 لاکھ جرمانہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)ریجن میں عیدالاضحی کی تعطیلات میں ‘‘چوکیدارہ’’ کے دوران 212افراد مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔

 بجلی چوروں کو2لاکھ14ہزار یونٹس چوری کرنے پر مجموعی طورپر 83لاکھ28ہزارروپے جرمانہ عائد کیاگیا ۔ 212بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے بھیجی گئی درخواستوں میں سے 6ایف آئی آرز کا اندراج ہوا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر ناصر ایاز خان گرمانی کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں 16تا19جون 2024ء سرکاری تعطیلات کے باوجود بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رہا ۔ میپکو ریجن کی 188سب ڈویژنوں میں 201ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف مہم میں حصہ لیا ۔ بوسن روڈ سب ڈویژن کے میٹر ریڈر خدا بخش کو بجلی چوری پکڑنے پر تشدد اور مار پیٹ کا سامناکرناپڑا۔ میٹر ریڈر نے عید کے تیسرے روز چیکنگ کے دوران بستی ودھاوے والا میں ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری پکڑی۔ بجلی چور مبشر نے میٹر ریڈر کو پکڑ لیا، کپڑے پھاڑ دئیے اور موبائل فون چھین لیا۔ایس ڈی او بوسن روڈ سب ڈویژن نے قانونی کارروائی شروع کر دی ۔ حسن پروانہ، ممتاز آباد،پاک گیٹ، سکندر آباد اور شجاع آباد میں 8 افراد ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ وہاڑی کی لڈن، ٹھینگی، فرسٹ میلسی سب ڈویژنوں میں 7 افراد ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔لڈن میں پولیس فورس کے ہمراہ آپریشن میں ایک بجلی چور موقع سے گرفتار، پولیس نے حوالات منتقل کر دیا ۔بہاولنگر کی منچن آباد سب ڈویژن میں 2 زرعی ٹیوب ویلوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری پکڑی گئی ۔بہاولنگر کی سٹی چشتیاں، سیٹلائٹ ٹاؤن، مدرسہ، بہاولنگر اور فقیر والی سب ڈویژنوں میں 7 افراد گھریلو اور زرعی اراضی سیراب کرنے کے لئے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ساہیوال کی نور پور پاکپتن، ہڑپہ اور سول لائنز سب ڈویژنوں میں 4 بجلی چور پکڑے گئے ۔ نور پور سب ڈویژن پاکپتن میں ٹیوب ویل کنکشن پر ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں