بجلی چوروں کیخلاف کارروائی جاری ، 109شکنجے میں آگئے

بجلی چوروں کیخلاف کارروائی جاری ، 109شکنجے میں آگئے

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں ایک روز میں مزید 109 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ 70 نئے مقدمات درج، 71 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیاگیا۔

 چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر ناصر ایاز خان گرمانی کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔میپکو شاہ رکن عالم سب ڈویژن کی ٹیم نے 4 افراد کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ پاکپتن ڈویژن کی ٹیم نے ایک زرعی ٹیوب ویل صارف کو ریموٹ کنٹرول سسٹم نصب کر کے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ نور پور سب ڈویژن کے علاقہ اڈا ملکہ ہانس میں فقیر حسین نامی بجلی چور کاشتکار کو 10 لاکھ39 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔ رحیم یار خان کی چوک بہادر پور سب ڈویژن کی ٹیم نے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی۔ خوشی محمد میموریل ہسپتال میں میٹر ریڈنگ ریورس کرکے بجلی چوری کی جا رہی تھی، ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے بجلی تنصیبات قبضہ میں لے لیں۔ رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ایک روز میں 3 کروڑ75 لاکھ روپے وصول کئے گئے ۔میپکو شجاع آباد سب ڈویژن کی ٹیم نے 20 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 3زرعی ٹیوب ویل صارفین کی بجلی منقطع کر دی۔جہانیاں سیکنڈ سب ڈویژن کی ٹیم نے لاکھوں روپے واجبات ادا نہ کرنے پر2 زرعی ٹیوب ویلوں کے جمپرز کاٹ دیئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں