قلعہ کہنہ سٹیڈیم کا اپ گریڈیشن منصوبہ شروع

قلعہ کہنہ سٹیڈیم کا اپ گریڈیشن منصوبہ شروع

ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ قلعہ کہنہ سٹیڈیم و دکانوں کی اپ گریڈیشن کیلئے متحرک ہوگئی ہے ۔

اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے قلعہ کہنہ کے گرد لینڈ سکیپنگ اور دکانوں کی صورت میں فوڈ سٹریٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قلعہ کہنہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو سٹیڈیم اپ گریڈیشن پر بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق لطیف نے منصوبے پر بریفنگ دی ،ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ پی ایم یو کے تحت سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کیلئے 396 ملین کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ قلعہ کہنہ سٹیڈیم کی واٹر سپلائی ،سیوریج،پارکنگ اور پبلک باتھ رومز سمیت فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دکانوں کو قانونی تقاضے پورے کرکے فوڈ سٹریٹ کی طرز پر الاٹ کیا جائے گا جبکہ فوڈ سٹریٹ کو خوبصورت لینڈ سکیپنگ کے ذریعے فیملیز کیلئے دیدہ زیب بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سٹیڈیم کے گرد شجرکاری اور لائٹس سمیت واکنگ ٹریک کا بھی پلان تشکیل دیا گیا ہے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گورنمنٹ ٹائون ہسپتال رحیم آباد کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے وارڈ میں لائٹس کی عدم دستیابی اور ناقص واٹر سپلائی پر اظہار برہمی کیا اور محکمہ صحت کو سہولیات مزید بہتر کرنے کا الٹی میٹم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات بھی کی اور ادویات کا سٹاک اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ٹائون ہسپتال مریضوں کو انکی دہلیز پر مثالی سہولیات فراہم کررہے ہیں جبکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہیلتھ مراکز کی کڑی انسپکشن جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جارہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں