زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کیخلاف گرینڈ آپریشن،بھاری جرمانے

زائد کرایہ  وصولی  پر  ٹرانسپورٹرز  کیخلاف  گرینڈ آپریشن،بھاری جرمانے

ملتان (وقائع نگار خصوصی )ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں میں کمی کرانے کیلئے کمرشل گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کیا ۔

اس موقع پر زائد کرائے وصول کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا گیا اور موقع پر 12 بسیں اور ویگنیں تھانہ بند کردی گئیں قبل ازیں سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار نے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کئے قبل ازیں سیکرٹری آر ٹی اے نے بس اڈوں اور روٹس پر خصوصی سکواڈ کے ساتھ چیکنگ بھی کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات فوری پہچانے کا ٹاسک دیا ہے ۔نئے کرایہ نامے تمام بس سٹینڈز اور ویگن سٹینڈز پر آویزاں کردیئے گئے ہیں۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ زائد کرایہ دینے والے مسافروں کو 10 ہزار روپے سے زائد کرایے واپس کرادیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کی دہلیز پر فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔کھلی کچہریوں کے ذریعے عوام کے مسائل فوری حل کرکے گڈ گورننس کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چک 5 فیض میں کھلی کچہری لگاتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر سیف الاسلام خٹک بھی ہمراہ تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں